شدید دھند، گاڑیوں کی ٹکریں، 2 بھائیوں سمیت 7 جاں بحق
صوبہ پنجاب
صوبہ پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 2 بھائیوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): صوبہ پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 2 بھائیوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور بیسیوں زخمی ہوگئے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں تیزرفتاری کے باعث حادثے میں 4 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب شاہ کوٹ روڈ پر میرپورسٹاپ کے قریب شدیددھند کے باعث شاہ کوٹ سے ننکانہ صاحب جانیوالی مسافر بس اورنواحی گاؤں برالہ سے شاہ کوٹ آنیوالا رکشہ میں ٹکر ہوگئی، جس کے نتیجے میں 2 بھائیوں سمیت 3افراد دم توڑ گئے اور3 زخمی ہوئے، مرنیوالوں میں 14سالہ سجاد اور وقاص شامل ہیں جبکہ 15 سالہ بلال، 20 سالہ عبدالغنی اور 40 سالہ صدی احمد زخمی ہوگئے۔

پتوکی ملتان روڈ پر جمبر گلشن اڈے کے قریب پھول نگر کے نواح میں دھندکے باعث ٹرک نے موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا جس سے 28 سالہ بلال موقع پر چل بسا جبکہ 24 سالہ مدثر زخمی ہوگیا۔ تھانہ صدر پتوکی کے علاقے مشرق فیڈ ملز چونیاں روڈ عمر آباد کے قریب دو موٹرسائیکلوں کی آپس میں ٹکر کے نتیجہ میں نامعلوم 70 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 22 سالہ نوجوان حامد زخمی ہوگیا۔ ایک موٹرسائیکل سوار کے مطابق بزرگ نے اس سے لفٹ لی راستے میں کہیں اترنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کئی علاقوں میں کل سے بارش، پہاڑوں پر برفباری متوقع

پاکپتن میں ساہیوال روڈ پر دھند کے باعث مسافر وین، مزدا اور ٹریکٹر ٹرالی آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے ایک بچہ جاں بحق اور 9 مسافر زخمی ہو گئے ۔ پاکپتن کے نواحی علاقہ نورپور اڈا ملکو موڑ پر دھند کی وجہ سے کوسٹر نے ہائی روف وین کو ٹکر مار دی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور 8 افراد شدیدزخمی ہوگئے۔

اوکاڑہ میں شدید دھند کے باعث 3 حادثات ہوئے ، اڈا ستگھرہ پر فیکٹری ملازمین کو لے جانے والی بس الٹ گئی،چنگ چی رکشہ گنے کی ٹرالی سے ٹکرا گیا، اوکاڑہ بائی پاس پرمسافر بس اور کار کا تصادم ہوا، ان حادثات میں 4 خواتین سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے، 3 کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے فارغ کر دیا گیا جبکہ 13 کو ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔

خیبر پختونخوا میں سوات ایکسپریس وے پر چکدرہ انٹرچینج کے قریب مسافر ہائی ایس ڈرائیور کی مبینہ غفلت کی وجہ سے بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری ،جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور دھند میں اشد ضرورت کے علاوہ سفر نہ کرنے کی اپیل کی۔