شوبزانڈسٹری کے لیے 2025سوگ کا سال قرار
2025 showbiz deaths
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) رواں سال 2025 شوبز انڈسٹری کے لیے خوشیوں کے ساتھ گہرے دکھ بھی لے کر آیا جب ایک کے بعد ایک معروف فنکار اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

سال 2025 شوبز کی دنیا کے لیے ایک یادگار مگر افسوسناک سال ثابت ہوا ہے جہاں کچھ فنکاروں نے کامیابیاں سمیٹیں وہیں کئی نامور شخصیات ہمیشہ کے لیے ہم سے جدا ہو گئیں، ان میں بھی دو واقعات ایسے تھے جنہوں نے شوبز انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

پہلا واقعہ 20 جون 2025 کو پیش آیا جب سینئر اداکارہ عائشہ خان کی کئی روز پرانی لاش کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع انکے فلیٹ سے برآمد ہوئی، پڑوسیوں کو تعفن محسوس ہوا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی، دروازہ توڑنے پر یہ افسوسناک واقعہ  منظر عام پر آیا۔

اسی طرح 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے ناقابل شناخت حالت میں برآمد ہوئی، تاہم میڈیکل رپورٹ کے مطابق انکا انتقال 7 اکتوبر کو ہوچکا تھا اور لاش تقریباً 9 ماہ پرانی تھی، انکی تدفین 11 جولائی کو لاہور میں کی گئی جبکہ پولیس نے موت کو طبعی قرار دیا تھا۔

سال کے آغاز میں معروف کامیڈین جاوید کوڈو اپریل 2025 میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، 3 مئی کو اداکارعابد علی کی اہلیہ اور اداکارہ ایمان علی کی والدہ اور سابق معروف اداکارہ حمیرا عابد بھی دنیا سے رخصت ہوگئیں جنہوں نے پی ٹی وی کے سنہرے دور میں اپنی پہچان بنائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی نئی فلم کب ریلیز ہوگی؟

 کامیڈین، تھیٹر، ٹی وی و فلم کے نامور فنکار لکی ڈئیر 30 ستمبر کو لاہور میں انتقال کر گئے جو کہ کئی ماہ سے شدید بیمار تھے۔

مزید برآں، 4 نومبر کو فلم انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر چوہدری کامران اعجاز برین ہیمبرج کے باعث چل بسے، اسی طرح سینیئر فلم رائٹر محمد کمال پاشا بھی 3 اکتوبر کو انتقال کر گئے جنہوں نے 300 سے زائد فلموں کے لیے یادگار کہانیاں تحریر کیں۔

رواں سال شوبز انڈسٹری ان تمام شخصیات کی جدائی سے ناقابل تلافی نقصان سے دوچار ہوئی تاہم انکا فن و خدمات اور یادیں ہمیشہ شائقین کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔