پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن انڈسٹریل ایریا میں 8 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا، جاں بحق بچے کی شناخت دلبر علی کے نام سے ہوئی، بچے کی لاش کو جناح اسپتال پہنچا دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق علاقے کے بچے گلی میں کھیل رہے تھے کہ بچہ مین ہول میں گر گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور کوئی متعلقہ ادارہ تاحال نہیں پہنچا، صرف پولیس اور چھیپا رضاکار جائے حادثہ پر موجود ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سے متعلق قانونی کارروائی اور مزید تحقیقات جاری ہیں، ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کورنگی مہران ٹاؤن پہنچ گئے اور انہوں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، مین ہول میں گرنیوالے بچے کی لاش 15 گھنٹے بعد مل گئی
دوسری جانب ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لے لیا اور واقعہ کے زمہ داروں سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
واضح رہے کہ کراچی کے مین ہولز اور نالوں میں گرکر جاں بحق ہونے کا یہ 27 واں جبکہ کورنگی میں مسلسل تیسرا واقعہ ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 30 نومبر کو بھی کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا پل کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک خاندان معروف ڈیپارٹمنٹل سٹور سے شاپنگ کر کے باہر نکلا ہی تھا کہ اچانک چھوٹا بچہ سڑک کی جانب بھاگا اور سٹور کے بالکل سامنے بغیر ڈھکن والے گٹر میں جاگرا جس کی 15 گھنٹے بعد لاش ملی۔