کسی اور کے نام پر جاری فون سمز سے متعلق اہم اعلان
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی
پی ٹی اے نے تمام سمز کا صارف کے اپنے نام پر رجسٹرڈ کروانا لازمی قراردے دیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کسی اور کے نام پر جاری فون سمز سے متعلق اہم اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کی تمام سمز کا صارف کے اپنے نام پر رجسٹرڈ کروانا لازمی قراردے دیا گیا ہے۔ کسی اورکے نام رجسٹرڈ سم کا استعمال قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔ سم کے غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری رجسٹرڈ صارف پر ہوگی۔

پی ٹی اے کے مطابق صارفین اپنی سمز اور ٹیلی کام کنکشنز کے استعمال کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ کالز، میسجز اور ڈیٹا کےاستعمال پر ضوابط کی پابندی بھی لازمی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ڈائریکٹر کاشف غفور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نیا انتباہ کوئی نیا اقدام نہیں، صارفین کو یاد دہانی کی صورت میں کراتے رہتے ہیں۔ ایگریمنٹ میں لکھا ہے کہ سم جاری کرانے والے شخص کے نام پر ہوگی۔

ڈائریکٹر پی ٹی اے نے کہا کہ قانون کے مطابق ایک شخص اپنے نام پر زیادہ سے زیادہ 8 سمز جاری کروا سکتا ہے۔ سم کو استعمال کرنے کی ذمہ داری صارف کی ہی ہے اور صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف اپنے نام پر سم استعمال کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ کسی اور کے نام پر سمز بند کی جائیں گی۔ تاہم صارفین اپنے نام پر جاری سم کی تعداد جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر سینڈ کریں، انہیں میسج کے ذریعہ سمز کی تعداد کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔