اس سلسلے میں حلیم عادل شیخ نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں میں پمفلٹ تقسیم اور شہریوں سے ملاقاتیں کر کے انہیں پرامن عوامی تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے عوام کو عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں کی رہائی، ملک و آئین کی بالادستی، مہنگائی کے خاتمے اور چوری شدہ عوامی مینڈیٹ کی واپسی کے لیے متحد ہونے کا پیغام دیا۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی مقدمات، عمران خان کی ضمانت میں توسیع
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل نے کہا ملک میں بہت ظلم، زیادتی اور فسطائیت ہو چکی ہے، اب احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج سے سندھ بھر میں سٹریٹ موومنٹ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے اور پارٹی قیادت پورے سندھ میں عوام کے پاس جائے گی تاکہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے عوام کو بیدار کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا 8 فروری کو عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور اگر یہ انتخابات چوری نہ ہوتے تو آج ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم ہوتی۔ 8 فروری کے انتخابات چوری کر کے غیر قانونی حکومتیں مسلط کی گئیں جس کے نتیجے میں سندھ بدترین تباہی کا شکار ہوا۔
انہوں نے کہا اگر الیکشن پر ڈاکہ نہ ڈالا جاتا تو آج سندھ کی سڑکیں تباہ نہ ہوتیں، کچے کے علاقوں میں ڈاکو راج قائم نہ ہوتا اور سندھ میں 3800 ارب روپے کی ریکارڈ کرپشن سامنے نہ آتی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 فروری 2026 کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کی کال پر صوبے بھر میں ہڑتال کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا عمران خان کے حکم پر سندھ بھر میں سٹریٹ موومنٹ شروع کی جا چکی ہے ،اگر عمران خان کو دوبارہ وزیراعظم بنانا ہے تو پوری قوم کو گھروں سے باہر نکلنا اور اپنے آئینی حقوق کے لیے میدان میں آنا ہوگا۔