آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 اور ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کمپلکس کا افتتاح کر دیا، ٹریفک ہیلپ لائن 1915 سینٹرل پولیس آفس کراچی جبکہ ایس ایس پی ٹریفک آفس ساؤتھ آرٹلری میدان میں قائم کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقاریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ٹریفک، ٹریننگ، ایس ایس پیز ٹریفک ساؤتھ، اے وی ایل سی اور پی ڈی آئی ٹی سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے ٹریفک ہیلپ لائن اور ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کے دفتر سے متعلق شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: رائیونڈ کے شہری کو انوکھا ای چالان موصول
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ ٹریفک 1915 کو ڈیجیٹلائزڈ کر دیا گیا ہے، اب شہری گھر بیٹھے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر کال کر کے اپنے ای چالان کے بارے میں باآسانی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ دفاتر ٹریفک پولیس کی کارکردگی میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں، ای چالان کے آغاز کے بعد سہولت سینٹرز مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔