کمپنی اعلامیہ کے مطابق ہونڈا نے بینک الفلاح کے اشتراک سے بلا سود آسان ماہانہ قسطوں پر موٹرسائیکل اسکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت خریدار اپنے بینک کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ہونڈا کی مقبول موٹر سائیکلز آسان اقساط پر خرید سکتے ہیں۔
ہونڈا کمپنی نے یہ سکیم ایسے وقت میں متعارف کرائی ہے جب مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے نئی موٹر سائیکل خریدنا مشکل ہو رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بلاسود آسان قسطوں کی سہولت متعارف کرانے کا مقصد صارفین پر مالی بوجھ کم کرنا ہے اور اس اقدام سے مقامی آٹو مارکیٹ میں بھی تیزی آنے کی توقع ہے۔
اس سکیم میں ہونڈا کمپنی کے تین ماڈلز کو شامل گیا ہے جن میں ہونڈا سی ڈی 70، ہونڈا سی جی 125 اور ہونڈا سی جی 150 شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سوزوکی نے پاکستان میں نئی گاڑی فرونکس متعارف کرا دی
بینک حکام کے مطابق ان ماڈلز کو اقساط میں لینے والے صارفین سے سود کی صورت میں کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی تاہم صارفین کو پروسیسنگ فیس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی، یہ سکیم محدود مدت کے لیے ہے اور موٹر سائیکل کی دستیابی اسٹاک سے مشروط ہے۔
سکیم کے تحت ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 900 روپے ہے اور اب بلا سود اسے 26 ہزار 650 روپے ماہانہ اقساط پر حاصل کیا جا سکتا ہے، اسی طرح ہونڈا سی جی 125 اور ہونڈا سی جی 150 بھی بلاسود اسکیم کے تحت صارفین کیلئے دستیاب ہوں گی۔
اس سکیم سے مستفید ہونے والوں کو یکمشت بڑی رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں، موٹر سائیکل بک کروانے یا اسکیم کی شرائط اور اہلیت سے متعلق مزید معلومات کے لیے صارفین بینک الفلاح کی ہیلپ لائن یا آفیشل رابطہ ذرائع سے رجوع کر سکتے ہیں۔