پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، کارروائی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی،شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے،علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ملک سے غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع قلات میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور بہادر جوانوں کی پذیرائی کی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 9 خوارج ہلاک
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ضلع قلات میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور فتنہ الہندوستان کے چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
سپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کی عکاس ہے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک میں امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں قابل ستائش ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قوم اور سکیورٹی فورسز پر عزم ہیں۔