خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 9 خوارج ہلاک
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 9 فتنہ الخوارج جہنم واصل ہو گئے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 9 فتنہ الخوارج جہنم واصل ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران خارجی دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا ۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ بنوں میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 5 خوارج مارے گئے، شرپسندوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد ہوا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اورڈی آئی خان اور بنوں میں دو الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 9 فتنہ الخوارج کے ہلاک ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت سے سرگرم ہیں، بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی عزم اور اتفاقِ رائے سے کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کیمپ پر حملہ ناکام، 4 خوارج ہلاک،4 جوان شہید

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی جرات اور پروفیشنل ازم پر قوم کو ناز ہے،سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کر رہی ہیں، وطن سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کریں گے۔