چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے انڈر 19 کھلاڑیوں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیاء کپ جیتنے کی خوشی میں ہر کھلاڑی کے لئے 50 ، 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے گفتگو میں کہا کہ آپ سب جنگجو ہو، آپ نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا، سمیر منہاس آپ ہمارا فخر ہیں آپ نے بہترین کھیل پیش کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سمیر منہاس سے گفتگو میں ان کے لئے انفرادی انعام کا اعلان بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو شکست، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا
محسن نقوی کا کھلاڑیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آپ نے ایشیاء کپ میں بہترین پرفارمنس دی ہے، آپ کے دو سال کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا،تمام کھلاڑیوں کے میڈیکل اور دیکھ بھال کا خیال پاکستان کرکٹ بورڈ بخوبی رکھے گا۔
یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ایمرجنگ ایشیاء کپ جیتنے پر بھی ہر کھلاڑی کے لیے پچاس پچاس لاکھ روپے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
ایونٹ کے فائنل معرکے میں پاکستانی اوپنر سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف نیا ریکارڈ قائم کر دیا، انہوں نے مجموعی طور پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔