آئی ایس پی آر کے مطابق انڈین پراکسی فتنہ الخوارج نے بویا شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر بزدلانہ حملہ کیا، خارجی دہشتگردوں نے کیمپ کی بیرونی حفاظتی حصار کو توڑنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز کے چوکس، بروقت اور پرعزم ردِعمل نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ناکامی کے بعد حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی کو کیمپ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دیا،بارودی گاڑی کے ٹکرانے کے نتیجے میں دیوار منہدم ہو گئی، دھماکے سے قریبی سویلین انفراسٹرکچر، بشمول ایک مسجد اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ خوارج کی کھلی بربریت کے باعث 15 مقامی شہری شدید زخمی ہوئے، زخمیوں میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، فورسز کی جوابی کارروائی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 بہادر جوان شہید ہو گئے، شہداء نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، شہداء میں حوالدار محمد وقاص عمر 42 سال تعلق ضلع کوٹلی سے تھا، شہید نائیک خانویز کی عمر 38 سال تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا۔
شہید سپاہی سفیان حیدر کی عمر 25 سال اور ان کا تعلق ضلع وہاڑی سے تھا جبکہ شہید سپاہی رفعت کی عمر 32 سال اور تعلق ضلع لیہ سے تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی انٹیلی جنس کی کارروائی، داعش خراسان کا ترجمان گرفتار
ترجمان پاک فوج کی جانب سے کہا گیا کہ دہشتگردی افغانستان میں موجود خوارج کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، پاکستان افغان حکومت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان کو خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا حق حاصل ہے، پاکستان کے عوام کا تحفظ اور سلامتی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملے کی شدید مذمت کی اور جوابی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے حوالدار محمد وقاص، نائیک خانویز، سپاہی صفیان حیدر اور سپاہی رفعت کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ شہداء کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور حملے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی کی دعاء کی۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔