پولیس کے مطابق ڈور پھرنے کے واقعات تھانہ سبزی منڈی اور سٹی وزیرآباد میں پیش آئے، گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے نوجوانوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ زخمی نوجوانوں کی شناخت شہریار افضل اور حیدر علی کے نام سے ہوئی ہے، دونوں نوجوان موٹرسائیکل پر سوار تھے ۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت منانے کا اعلان کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے بسنت کا انعقاد سکیورٹی خدشات، پتنگ بازی سے متعلق حادثات اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے باعث معطل رہا تاہم رواں برس پنجاب حکومت نے متعدد حکومتی و انتظامی مشاورتوں کے بعد بسنت کے محدود اور محفوظ انعقاد کی منظوری دی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا لاہور میں بسنت کی تاریخ کا اعلان
دوسری جانب کچھ عوامی حلقوں کی جانب سے بسنت کی اجازت ملنے پر تحفظات کا بھی اظہار کیا جارہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت ایک فیسٹیول ضرور ہے لیکن زمینی حقائق بہت تلخ ہیں، اس سے شہریوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، بسنت کے نام پر ہونے والی سرگرمیاں سماجی اور انسانی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
چند عوامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ گوجرانوالہ میں پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں بسنت کی اجازت دینا انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، اس لیے وہ اس تہوار پر مکمل پابندی کے حامی ہیں۔