مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی، ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد
Muhammad Ali Jinnah anniversary
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش آج پورے ملک میں ملی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک پُروقار اور باوقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے بابائے قوم کو سلامی پیش کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چوہدری (ہلالِ امتیاز) تھے، جنہوں نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد کے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں، جسے شرکاء نے عقیدت اور احترام کی علامت قرار دیا, تقریب میں عسکری و سول حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ یومِ قائد کے موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، جبکہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں قائد اعظم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریبات، سیمینارز اور دعائیہ محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تعلیمی اداروں میں بھی قائد اعظم کے افکار پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹیکس دہندگان کیلئے بڑی خوشخبری

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قائد اعظم کے سنہری اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم ایک روشن اور مضبوط قومی مستقبل کی ضمانت ہیں، قائد اعظم کا یومِ پیدائش پوری قوم کیلئے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم نے بغیر کسی امتیاز کے رنگ و نسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسے اصولوں کی تلقین کی، جن پر عمل پیرا ہو کر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔