ایف بی آر کے مطابق ہفتہ 27 دسمبر 2025 کو تمام متعلقہ ٹیکس دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، جبکہ 31 دسمبر کو دفاتر کے اوقات کار میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں بتایا گیا کہ چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کے ماتحت تمام بڑے ٹیکس دفاتر، جن میں لارج ٹیکس آفسز (ایل ٹی اوز)، میڈیم ٹیکس پیئرز آفس (ایم ٹی او)، کارپوریٹ ٹیکس دفاتر (سی ٹی اوز) اور ریجنل ٹیکس دفاتر (آر ٹی اوز) شامل ہیں، ہفتہ 27 دسمبر کو کھلے رہیں گے تاکہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق بدھ 31 دسمبر 2025 کو مالی سال کے اختتام کے پیش نظر دفاتر کے اوقات کار رات 10 بجے تک بڑھا دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سال کے آخری دنوں میں ٹیکس اور ڈیوٹیز کی زیادہ سے زیادہ وصولی کو یقینی بنانا ہے تاکہ سرکاری خزانے کو مقررہ اہداف کے مطابق ریونیو حاصل ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:علیمہ خان کی شکایت پر تنازع، سینئر رہنما مستعفی
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ٹیکس دہندگان کو واجبات کی ادائیگی، ریٹرنز فائل کرنے اور دیگر امور میں سہولت ملے گی۔ کاروباری اور تجارتی حلقوں نے بھی اس اقدام کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اضافی اوقات کار سے مالی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ ایف بی آر ہر سال مالی سال کے اختتام پر محصولات کے اہداف پورے کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کرتا ہے، رواں سال بھی اسی حکمت عملی کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا۔