علیمہ خان کی شکایت پر تنازع، سینئر رہنما مستعفی
Aleema Khan complaint
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) علیمہ خان کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کے رویے پر ناراضی کے اظہار کے بعد ایک نیا تنازع سامنے آ گیا، جس نے انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف) کو اندرونی اختلافات کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت سنگین صورت اختیار کر گیا جب ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور آئی ایل ایف کے ضلعی صدر کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔

ذرائع کے مطابق علیمہ خان نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے اڈیالہ جیل نہ پہنچنے پر باضابطہ شکایت کی، اس شکایت کے بعد انصاف لائرز فورم کے اندر اختلافات نے جنم لیا اور بات تنظیم کے آفیشل واٹس ایپ گروپ تک جا پہنچی، جہاں اس معاملے پر کھلے عام بحث شروع ہو گئی۔ آئی ایل ایف کے آفیشل گروپ میں ہونے والی گفتگو کے دوران ماحول مزید کشیدہ ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل انعام یوسفزئی اور انصاف لائرز فورم کے ضلعی صدر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اور ایک دوسرے کیخلاف نازیبا زبان کے استعمال کی شکایات بھی سامنے آئیں۔

یہ بھی پڑھیں:ڈھاکہ، قاتلانہ حملے میں طالب علم رہنما جاں بحق

تنازع شدت اختیار کرنے پر انصاف لائرز فورم پشاور کے صدر مبشر منظور نے احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، اپنے استعفے کی وجہ بیان کرتے ہوئے مبشر منظور نے کہا کہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا رویہ ناقابل برداشت ہے، ایسے ماحول میں تنظیمی ذمہ داریاں نبھانا ممکن نہیں رہا۔