حج 2026: خدام الحجاج کے انتخاب کا مرحلہ مکمل
حج 2026 کے لیے خدام الحجاج کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حج 2026 کے لیے خدام الحجاج کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق خدام الحاج کے خواہشمند افراد کے پاسپورٹ اور دیگر کوائف سعودی عرب مسار ایپ پر اپ لوڈ کر دیے گئے، امیدواروں کا انتخاب این ٹی ایس کے تحریری امتحان کے تحت کیا گیا، اشتہار کے ذریعے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق کمپنی کا انتخاب شفاف طریقے اور پیپرا قواعد کے مطابق کھلی بولی(اوپن بڈنگ) کے ذریعے کیا گیا، این ٹی ایس کے ذریعے 780 فیلڈ اسٹاف اور 100 سپروائزری اسٹاف کا انتخاب کیا گیا، خدام الحجاج کے انتخاب میں میرٹ کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔

وزارت مذہبی امور ذرائع کا بتانا ہے کہ امیدواروں کے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر شارٹ لسٹنگ کی گئی، ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کی دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی گئی، 70 فیصد پرانے (ریپیٹرز) اور 30 فیصد نئے امیدواروں میں سے انتخاب کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق منتخب کیے گئے خدام الحجاج میں خواتین بھی شامل ہیں، سپروائزر کیٹیگری میں بھی نئے (فریش) اور پرانے(ریپیٹر) دونوں امیدوار شامل ہیں، انتخابی عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی نہیں ہوئی، ہر 100 حاجیوں کے لیے ایک سپورٹنگ اسٹاف مقرر ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: حجاز مقدس میں عازمین حج کیلئے گھر سے گھر تک سروس ہوگی

خدام الحجاج میں گریڈ 11 سے 18 تک کے سرکاری ملازمین شامل ہیں، خدامُ الحجاج کے انتخاب میں صوبائی کوٹہ پر مکمل عمل کیا گیا ، خدام الحجاج کا انتخاب دو کیٹگریز کے تحت کیا گیا، سپروائزر کیٹیگری کے لیے 100 اور معاون عملے کے لیے 780 نشستوں پر انتخاب کیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سپروائزر اور معاون عملے کی کیٹگریز کا میرٹ مختلف تھا، میرٹ کا کوٹہ 7.5 اسلام آباد ایک فیصد اور پنجاب 49 فیصد تھا، سندھ (شہری) کا کوٹہ 7.60 جبکہ سندھ (دیہی) 11.40 اور خیبر پختونخوا کا 11.50 تھا، بلوچستان کا 6،سابق فاٹا 3، آزاد جموں و کشمیر 2 اور گلگت بلتستان کا کوٹہ ایک فیصد ہے۔