ایڈوائزری کے مطابق، ٹریفک انتظامات کے باعث اسلام آباد کی متعدد سڑکیں آج صبح 11:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک بند رہیں گی، پولیس لائنز روڈ اور فیصل ایونیو جزوی طور پر بند رہیں گی جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سری نگر ہائی وے اور اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے پر بھی ٹریفک کی تبدیلیاں کی جائیں گی، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مارگلہ روڈ، کلب روڈ اور قریبی سروس روڈز کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کریں تاکہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: اساتذہ کیلئے الیکٹرک بائیک سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور تاخیر سے بچنے کے لیے معمول سے 20 سے 25 منٹ پہلے گھروں سے روانہ ہوں، ٹریفک پولیس کے اہلکار شہر کے اہم مقامات پر تعینات ہوں گے تاکہ گاڑی چلانے والوں کی رہنمائی اور ٹریفک کا مؤثر انتظام کیا جا سکے۔
مدد یا فوری ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے شہری ٹریفک ہیلپ لائن نمبرز 1915 یا 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں، ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکام سے تعاون کریں اور ٹریفک ہدایات پر عمل کریں تاکہ ایڈوائزری کے دوران آمد و رفت کو ہموار بنایا جا سکے۔