جعلی ویڈیو کیس: مدعیہ عظمیٰ بخاری عدالت طلب
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمہ میں عدالت نے آئندہ سماعت پر لیگی رہنما کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
فائل فوٹو
لاہور:(سنو نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمہ میں عدالت نے آئندہ سماعت پر لیگی رہنما کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمہ کی سماعت کی، ملزمہ فلک جاوید کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جبکہ ملزمہ کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا معروف اور اظہر سلہری عدالت پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہوئی تو ملزمہ فلک جاوید روسٹرم پر آ گئیں ، فلک جاوید نے مؤقف اپنایا کہ مجھ پر جس نے الزام لگایا ہے وہ ثابت کرنے کے لیے نہیں آ رہیں، جو مدعیہ نہیں آ رہیں ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

ملزمہ کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر سلہری نے کہا کہ مدعیہ کا استغاثہ دیکھا جائے اور ایف آئی آر دیکھی جائے بہت تضاد ہے۔

وکیل رانا معروف نے مؤقف اپنایا کہ قانون یہ کہتا ہے جس نے الزام لگایا ہے وہ آئے اور ثابت کرے ، ریکارڈ میں کچھ نہیں ہے ایسے ہی کیس بنا دیا گیا ہے ، قانون نے ایک طریقہ کار بتا دیا ہے اس سے باہر نہیں جایا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما اکرم عثمان کی درخواست ضمانت منظور

فلک جاوید کے وکیل نے استدعا کی کہ مدعیہ کے بطور گواہ نہ آنے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

بعدازاں عدالت نے مدعیہ عظمیٰ بخاری کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا جبکہ مقدمے کے گواہوں کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس پر مزید سماعت 5 جنوری بروز سوموار تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو وائرل کرنے کے کیس میں عدالت نے فلک جاوید اور عتیق ریاض سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کر رکھی ہے، ملزمان پر صوبائی وزیر کی فیک ویڈیو وائرل کرنے کا مقدمہ درج ہے، این سی سی آئی اے نے مقدمے کا چالان ضلع کچہری میں جمع کرا رکھا ہے۔