پی ٹی آئی رہنما اکرم عثمان کی درخواست ضمانت منظور
انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما میاں اکرم عثمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما میاں اکرم عثمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما میاں اکرم عثمان کی رہائی کے لئے دائر درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،اے ٹی سی لاہور کے جج ارشد جاوید نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیے، وکیل درخواست گزار نے دلائل کی روشنی میں میاں اکرم عثمان کی ضمانت پر رہائی کی درخواست کی جو عدالت نے منظور کر لی۔

عدالت نے ملزم میاں اکرم عثمان کی رہائی کے لئے دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دیا اور درخواست ضمانت منظور کر لی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما میاں اکرم عثمان کے خلاف زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملہ کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں درج ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمر ڈار گرفتار

یاد رہے کہ دو روز قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے ایک اور مقدمہ میں شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا جبکہ یاسمین راشد و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزا سنا ئی تھی۔

عدالت نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمو دقریشی سمیت 12 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا جبکہ 8 ملزمان کو سزا سنادی۔

انسداد ددہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشید کو دس ، دس سال قید کا حکم دے دیا جبکہ عدالت نے چار ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔