سینئر پی پی رہنما بسم اللہ خان کاکڑ انتقال کر گئے
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر صوبائی رہنما بسم اللہ خان کاکڑ طویل علالت کے بعد دار فانی سے کوچ کر گئے۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر صوبائی رہنما بسم اللہ خان کاکڑ طویل علالت کے بعد دار فانی سے کوچ کر گئے۔

مرحوم بسم اللہ خان کاکڑ کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

بسم اللہ خان کاکڑ کا شمار پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری کے عہدے پر فائز رہے، مرحوم قلعہ عبداللہ سے رکن صوبائی اسمبلی بھی منتخب ہو چکے تھے۔

مرحوم بسم اللہ خان کاکڑ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے فعال اور متحرک رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے ، بلوچستان میں پارٹی کو منظم اور فعال بنانے میں ان کا اہم اور مرکزی کردار رہا۔

یہ بھی پڑھیں: لیگی ایم پی اے عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے

ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی بلوچستان میر ثناء اللہ جتک نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم بسم اللہ خان کاکڑ کی پیپلزپارٹی کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، مرحوم نے پارٹی کارکنان کو ہمیشہ عزت اور احترام سے نوازا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بزرگ رہنما کی وفات پر قبیلے اور ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کی بخشش فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔