یہ اعلان خیبرپختونخوا حکومت کے معاون خصوصی شفیع جان نے نجی ٹی وی میں گفتگو کے دوران کیا۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ 8 فروری 2026 کو پورے ملک میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، خیبرپختونخوا کے عوام کو وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں ایک نئی امید نظر آ رہی ہے اور صوبے کے عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال عوامی حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں جمہوریت کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں نہ آئین کی بالادستی باقی رہی اور نہ ہی عدلیہ آزاد نظر آتی ہے، جو ججز آئین اور قانون کیلئے کھڑے ہو سکتے تھے وہ نظام کا حصہ نہیں رہے، جس کے باعث عوام کا عدالتوں سے انصاف پر اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف گزشتہ دو برسوں میں اپنے تمام اہداف حاصل نہیں کر سکی، تاہم اس کے باوجود پارٹی جمہوریت کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔
بیرسٹر گوہر نے سیاسی قوتوں کو ایک بار پھر مل بیٹھ کر مسائل کے حل کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو مزید بحرانوں سے بچانے کیلئے قومی سطح پر مکالمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔