رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے
Irfan Shafi Khokhar death
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے۔

مرحوم کو اچانک دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق عرفان شفیع کھوکھر کو طبیعت بگڑنے پر فوری طور پر لاہور کے ڈاکٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ذیشان ملک نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹرز کی بھرپور کوششوں کے باوجود مرحوم کو بچایا نہ جا سکا۔

واضح رہے کہ عرفان شفیع کھوکھر صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کے کزن تھے اور لاہور کے حلقہ پی پی 167 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ ایک متحرک اور عوام دوست سیاستدان کے طور پر جانے جاتے تھے اور اپنے حلقے کے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں:حج ویلفیئر اسٹاف کا انتخاب تاخیر سے کئے جانے کا انکشاف

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی و صوبائی قیادت نے عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عرفان شفیع کھوکھر کی وفات پارٹی اور صوبائی سیاست کیلئے ایک بڑا نقصان ہے۔

علاوہ ازیں حلقہ انتخاب کے عوام، ساتھی اراکین اسمبلی اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔