حج ویلفیئر اسٹاف کا انتخاب تاخیر سے کئے جانے کا انکشاف
حج ویلفیئر اسٹاف کا انتخاب تاخیر سے کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حج ویلفیئر اسٹاف کا انتخاب تاخیر سے کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق حج 2026 کے لیے ویلفیئر اسٹاف کی رجسٹریشن کیلئے سعودی عرب کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کا آج آخری روز ہے۔

وزارت مذہبی امور ذرائع کا بتانا ہے کہ میڈیکل مشن امیدواروں کےتحریری امتحان کے نتائج کل صبح موصول ہوئے، حج معاونین تحریری امتحان کے نتائج کل رات وزارت کو ملے، کوائف و دستاویزات ڈیڈ لائن سے محض ایک اور دو روز قبل طلب کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق حج ڈیوٹی پر مامور ویلفیئر اسٹاف کے ڈیڈ لائن تک پاسپورٹ بھی نہ بنوائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، پاسپورٹ ،دستاویزات اور دیگر کوائف کی ہنگامی بنیادوں پر طلبی سے حج معاونین پریشان ہیں۔

حج معاونین کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاسپورٹ اور دیگر کوائف چند گھنٹوں میں فراہم کیے جائیں۔

یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے جولائی میں حج پالیسی کی منظوری دی تھی تاہم اب حج کے دوران سعودی عرب تعیناتی کے لیے ویلفیئر اسٹاف کے کوائف اپ لوڈ نہ ہونے پر بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس کے باعث وزارت مذہبی امور میں آخری روز بھی ہنگامی حالت نافذ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2026 میں پاسپورٹ بحران کا خدشہ، ہنگامی اقدامات شروع

ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور میں 24 گھنٹے کام جاری ہے، ڈیڈ لائن کے پیش نظر عملہ دو شفٹوں میں کام کر رہا ہے، آج اتوار کو بھی متعلقہ عملہ کی چھٹی منسوخ کر دی گئی۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا بتانا ہے کہ حج میں فرائض سر انجام دینے والے عملے کے پاسپورٹ اور دیگر کوائف بروقت مکمل نہیں ہو سکے، وزارت کے سعودی عرب جانے والے ملازمین کی دستاویزات بھی آخری وقت میں طلب کی گئیں۔

مراسلہ کے مطابق سعودی عرب میں تعیناتی کے لیے ویلفیئر سٹاف کے پاسپورٹ آج (21 دسمبر) تک اپ لوڈ کرنے ضروری ہیں، حج معاونین کے کوائف اور دستاویزات بھی سعودی عرب کی مسار ایپ پر آج اپ لوڈ کرنا لازم ہے، معاون عملے میں، میڈیکل مشن اور خدام الحجاج شامل ہیں۔

مذکورہ صورتحال کے پیش نظر محکمہ پاسپورٹ کے ملک بھر میں دفاتر آج دوسرے روز بھی کھلے ہیں، وزارت مذہبی امور نے ڈائریکٹر جنرل سے پاسپورٹ دفاتر کھلے رکھنے کی درخواست کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ معاملے کو اولین ترجیح کا حامل سمجھا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی 63 ہزار سے زائد پاکستانی حج سے محروم رہ گئے تھے۔