وزارت نے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ کو خط لکھ کر آج اور کل (ہفتہ اور اتوار) ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کھلے رکھنے کی ہدایت دی ہے تاکہ حج کے خواہشمند افراد اور عملے کے پاسپورٹس بروقت جاری ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق حج میں فرائض سر انجام دینے والے ویلفیئر اسٹاف کے پاسپورٹ ابھی تک بن نہیں سکے، جس سے سعودی عرب کی تعیناتی میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق ویلفیئر اسٹاف کے پاسپورٹس 21 دسمبر تک مسار ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہیں، ورنہ وہ حج میں اپنی خدمات انجام نہیں دے سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:برج خلیفہ پر آسمانی بجلی گرنے کا نایاب منظر، ویڈیو وائرل
وزارتِ مذہبی امور نے حج میڈیکل مشن کے 268 اراکین کے پاسپورٹس فوری جاری کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔ یہ عملہ سول شعبے اور مسلح افواج سے تعلق رکھتا ہے اور ان کی بروقت تعیناتی انتہائی ضروری ہے۔
وزارت نے پاسپورٹ دفاتر کی ہفتہ وار تعطیل معطل کرنے کی بھی درخواست کی ہے تاکہ تمام عملے اور حاجیوں کے پاسپورٹس وقت پر جاری کیے جا سکیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 2025 میں 63 ہزار سے زائد پاکستانی حج سے محروم رہ گئے تھے، اس لیے اس سال وزارت نے انتہائی اقدامات اٹھاتے ہوئے وقت پر تمام پاسپورٹس جاری کرنے کو اولین ترجیح دی ہے۔