محکمہ موسمیات کا موسم کے حوالے سے تازہ الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے موسم کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے موسم کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے وسطی اور بالائی حصوں پر اثر انداز ہو رہا ہے، خوشاب، سرگودھا، لیہ، پشاور، جہلم، بھمبر، میر پور، پونچھ میں مطلع ابر آلود اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، اگلے 5 سے 7 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار، چترال، دیر، شانگلہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش جاری رہے گی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ ہے، سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 21 اور 22 دسمبر کو لاہور میں بارش کی پیشگوئی کررکھی ہے، جس کے نتیجے میں شہر میں سردی کی ایک نئی لہر داخل ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بعد درجہ حرارت میں واضح کمی آنے کا امکان ہے جس سے خاص طور پر صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرد موسم سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بچے، بزرگ اور بیمار افراد غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔