لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور موسم کی تبدیلی کی پیشگوئی کی/ فائل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور موسم کی تبدیلی کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے باعث آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ ایک سے دو روز تک شدید سردی کا امکان نہیں، تاہم شہر میں موسم جزوی سے مکمل طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ اس وقت کراچی کا موسم سرد اور خشک ہے، مگر آنے والے دنوں میں نمی اور بادلوں کے باعث موسم میں تبدیلی محسوس کی جا سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ لاہور میں 21 اور 22 دسمبر کو ہلکی بارش متوقع ہے، جس کے نتیجے میں شہر میں سردی کی ایک نئی لہر داخل ہو سکتی ہے۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں واضح کمی آنے کا امکان ہے، جس سے خاص طور پر صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت بڑھ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: دھند کا راج، لاہور سیالکوٹ موٹروے ٹریفک کیلئے بند

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرد موسم سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بچے، بزرگ اور بیمار افراد غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج بلوچستان میں داخل ہو رہا ہے، جس کے اثرات ملک کے دیگر حصوں پر بھی مرتب ہوں گے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے، جبکہ انہی ہواؤں کے باعث کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مغربی ہواؤں کے اس نظام کے تحت کئی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کے اس سلسلے کے باعث بلوچستان کے کئی اضلاع میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید سردی اور ممکنہ برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، کیونکہ بعض مقامات پر سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خطرہ ہو سکتا ہے۔