زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا
Khuzdar earthquake today
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع خضدار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی زمین کے اندر 8 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز خضدار سے تقریباً 70 کلومیٹر مغرب میں واقع تھا۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر لوگ گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ اگرچہ زلزلے کی شدت کم تھی، تاہم قلیل وقت کیلئے علاقے میں تشویش کی فضا قائم ہو گئی۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جھٹکے مختصر مگر واضح تھے، جس کے باعث لوگ ممکنہ آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر محتاط نظر آئے۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیاہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے علاقے میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں شدید دھند کا راج، موٹرویز بند

خیال رہے کہ بلوچستان کا خطہ زلزلہ خیز علاقوں میں شامل ہے، جہاں وقتاً فوقتاً معمولی نوعیت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی تصدیق کی ہے کہ فی الحال آفٹر شاکس کا کوئی واضح خدشہ نہیں، تاہم شہریوں کو ہوشیار رہنے اور سرکاری اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔