موٹروے پولیس کے مطابق شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل کی گئی ہے۔
دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی، جبکہ موٹروے ایم تھری لاہور سے سمندری تک اور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون بھی مکمل طور پر بند ہے۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے بھی فیصل آباد تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں، اس کے علاوہ اوقات میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب قومی شاہراہ پر بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں سندر، مانگا منڈی، پھول نگر اور پتوکی کے علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، قومی شاہراہ پر بعض مقامات پر حدِ نگاہ صفر سے 100 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے 25 دسمبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا
لاہور ایئرپورٹ پر بھی دھند کے باعث فضائی آپریشن جزوی طور پر متاثر ہوا، ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے دبئی، سعودی عرب اور ابو ظہبی جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔ اسی طرح لاہور سے کینیڈا جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں بھی 7 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات اور موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، رفتار کم رکھیں اور حفاظتی فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔