بجلی کی قیمتوں میں اضافہ
electricity price hike Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے بجلی کے صارفین پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کوارٹر ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 32 پیسے فی یونٹ اضافی وصولی کی منظوری دے دی، جس سے گھریلو اور کمرشل صارفین دونوں متاثر ہوں گے۔

یہ اضافی رقم صارفین سے دسمبر، جنوری اور فروری میں استعمال ہونے والے بجلی کے یونٹس پر وصول کی جائے گی۔ اس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے لیسکو سمیت ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد آنے والے بجلی کے بلوں میں اضافہ نظر آئے گا۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا یہ فیصلہ ڈسکوز کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر کیا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایندھن، پیداواری لاگت اور دیگر مالی اخراجات میں اضافے کے باعث کوارٹر ایڈجسٹمنٹ ناگزیر ہو چکی، نیپرا نے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد صارفین سے اضافی رقم وصول کرنے کی اجازت دے دی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فین ری پلیسمنٹ پروگرام کے معیار میں تبدیلی کی منظوری

ماہرین کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی کی شدید لہر کا سامنا کر رہا ہے۔

گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروبار اور صنعتیں بھی اس فیصلے سے متاثر ہوں گی، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے حکومت اور نیپرا کے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے، شہری تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کے بجائے متبادل حل تلاش کیے جائیں تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔