آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے خطے میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، مشترکہ تربیتی پروگرامز، پیشہ ورانہ عسکری تعاون اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کا ایف ایم 90 این ای آر میزائل کا کامیاب تجربہ
ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور لیبیا کے درمیان عسکری روابط کو مضبوط بنانے سے نہ صرف دونوں ممالک کے دفاعی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
دورے کے موقع پر لیبئین عرب آرمڈ فورسز کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان قریبی دفاعی تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اس دورے کو پاکستان اور لیبیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں عسکری سطح پر تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔