آئی ایس پی آر کے مطابق اس میزائل فائرنگ سے پاک بحریہ کی جنگی تیاری، دفاعی صلاحیتوں اور جدید ہتھیاروں کے مؤثر استعمال کی توثیق ہوئی ہے۔ مشق کا مقصد سمندری ماحول میں کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی تیاریوں کو جانچنا تھا۔
بیان کے مطابق کمانڈر پاکستان فلیٹ نے سمندر میں جہاز پر موجود رہتے ہوئے اس لائیو فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور اعلیٰ آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کہا کہ پاک بحریہ کے اہلکار جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کر ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 خوارج جہنم واصل
کمانڈر پاکستان فلیٹ نے اس موقع پر پاک بحریہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر صورت تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کسی بھی جارحیت یا خطرے کا مؤثر اور بروقت جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ مسلسل جدید تربیت، مشقوں اور جدید دفاعی نظام کے استعمال کے ذریعے اپنی جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ یہ کامیاب میزائل فائرنگ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان نیوی ملک کے ساحلی دفاع اور سمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار اور مستعد ہے۔