صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری اپنے ایک پیغام میں فوتیدگی پر کھانا پکانے کی رسم پر پابندی کے حوالے سے گردش کرنےوالی خبر کا عکس فیک نیوز کے لوگو سے شیئر کیا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فوتیدگی پر کھانا پکانے سے متعلق کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، عوام ایسی خبروں پر دھیان نہ دیں۔
Fake news pic.twitter.com/bnW13eY8nR
— Azma Zahid Bokhari (@AzmaBokhariPMLN) December 15, 2025
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی تھی جس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں فوتیدگی پر کھانا پکانے ، تقسیم کرنے اور دعوتی تقریبات کے انعقاد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ حکومتی مؤقف کے مطابق اس اقدام کا مقصد غمزدہ خاندانوں پر غیر ضروری مالی بوجھ کم کرنا اور دکھ و صبر کے موقع پر سادگی کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق گورنر کے پی شاہ فرمان کی والدہ انتقال کر گئیں
ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ اس ضمن میں ہدایات جلد ضلعی انتظامیہ کو جاری کر دی جائیں گی جبکہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبر کے مطابق علماء کرام، سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوتیدگی کے مواقع پر دکھاوے کے بجائے سادگی، دعا اور صبر پر توجہ دینی چاہیے۔