ان کے انتقال پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت مختلف مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پیر عبدالرحیم نقشبندی مرحوم کے سانحہ ارتحال کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے، مرحوم کا تعلق ایک ایسے خانوادے سے تھا جس نے اشاعتِ دین اور احیائے سنت کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیر عبدالرحیم نقشبندی مرحوم اپنے اسلاف کی درخشندہ روایات کے حقیقی امین تھے، ان کی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، روحانی تربیت اور اخلاقی اصلاح کیلئے وقف رہی۔
یہ بھی پڑھیں:پہلا روزہ کب ہو گا؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی
دینی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیر عبدالرحیم نقشبندی نہ صرف ایک جید عالم اور روحانی بزرگ تھے بلکہ وہ عوام میں سادگی، اخلاص اور محبت کے ساتھ دین کی تعلیمات پہنچانے کیلئے بھی جانے جاتے تھے، ان کی مجالس میں شرکت کرنے والے افراد انہیں ایک باعمل، متواضع اور بااخلاق شخصیت قرار دیتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ مرحوم کے اہلِ خانہ، متعلقین، عقیدت مندوں، دینی تحریکات اور مجموعی طور پر مذہبی طبقہ اس عظیم صدمے پر تعزیت کا مستحق ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔