موسمیاتی ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 15 دسمبر تک مری، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ 19 دسمبر کو مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو مختلف علاقوں میں بارش اور ہلکی برفباری کا سبب بنے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں صرف بوندا باندی متوقع ہے، تاہم 21 دسمبر تک سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی آنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے کہا کہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارش کے ساتھ ہلکی برفباری متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، تاہم رات کے درجہ حرارت میں زیادہ تبدیلی کا امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ دسمبر کے آخر اور جنوری کے آغاز میں اسلام آباد میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔