پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان
پیٹرولیم مصنوعات
پاکستانی میں آئندہ چند روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) مہنگائی سے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ پاکستانی میں آئندہ چند روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق متعلقہ محکمے نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی سے متعلق ابتدائی ورکنگ مکمل کر لی۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور درآمدی لاگت میں فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتوں کی سمری تیار کی گئی ہے، جسے 15 دسمبر کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) وزیراعظم کو منظوری کیلئے ارسال کرے گی۔ وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم ڈیلرز کی مطالبات منظور نہ ہونے پر ہڑتال کی دھمکی


ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں سب سے زیادہ کمی متوقع ہے جو 11 روپے 85 پیسے فی لیٹر تک ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کا تیل 11 روپے 70 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 10 روپے 1 پیسے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اگر یہ تجویز کردہ کمی منظور ہو جاتی ہے تو پیٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 9 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت کم ہو کر 267 روپے 80 پیسے فی لیٹر تک آ جائے گی۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 181 روپے 16 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 153 روپے 76 پیسے فی لیٹر مقرر ہونے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں کمی کا براہِ راست اثر ٹرانسپورٹ اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے، جس سے مجموعی مہنگائی میں کمی آنے کی امید ہے۔