پٹرولیم ڈیلرز کی مطالبات منظور نہ ہونے پر ہڑتال کی دھمکی
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کی دھمکی دے دی۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کی دھمکی دے دی۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے دیے گئے مارجن کو مسترد کر دیا۔

چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت سے 8 فیصد مارجن مانگا تھا، اس مارجن کے بغیر کام کرنا ممکن نہیں ہے،حکومت نے اگر ڈیلر مارجن 8 فیصد نہ کیا تو پمپ بند کردیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو 10 دن کا وقت دے رہے ہیں ، 10 دن بعد ڈیلرز اپنی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے حتمی فیصلے کا اعلان کریں گے۔

عبدالسمیع خان نے مزید کہا کہ اس وقت ڈیلرز کا مارجن 3.12 فیصد ہے، حکومت مارجن 8 فیصد بڑھانے کی تحریری یقین دہانی کرائے، حکومت چاہے تو 8 فیصد قسطوں میں بڑھا کر دیدے۔

یہ بھی پڑھیں: آئل کمپنیوں اور پٹرولیم ڈیلرز کے منافع میں اضافہ منظور

دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹرز کی جاری ہڑتال کو آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب بھی سے حمایت حاصل ہو گئی، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن پیر سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرے گی۔

ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اسرار احمد شنواری نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرے، گڈز ٹرانسپورٹرز اور آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے مطالبات مشترک ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیر سے ملک بھر میں تیل کے سپلائی مطالبات کی منظوری تک بند رہے گی، ٹریفک اور سیکٹری آر ٹی کے ناجائز چالان اور ایف آئی آر کسی صورت قبول نہیں۔