جدید جنگ میں ٹیکنالوجی کیساتھ ہم آہنگ ہونا انتہائی اہم ہے: فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرنوالہ اور سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا/ فائل فوٹو
راولپنڈی (سنو نیوز): فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جدید جنگ میں ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ ہونا نہایت اہم ہے، کیونکہ جدید دور کی جنگ میں تیزی، درستگی، حالات کا بروقت ادراک اور فوری فیصلے فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرنوالہ اور سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں متعلقہ فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں فارمیشن کی مجموعی جنگی تیاری، موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل استعداد بڑھانے کے لیے کیے گئے اہم اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیض حمید کو 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی گئی

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ کیا اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور فارمیشن کی مجموعی تیاری کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید جنگ میں صرف روایتی ہتھیار کافی نہیں بلکہ معلوماتی برتری، بروقت فیصلے اور جدید ٹریننگ طریقہ کار کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ جدید جنگی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں اور ہر سطح پر ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج قومی سلامتی کے تحفظ اور ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔