شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی
انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نو مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نو مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔

لاہور کی انسداد دہشت عدالت نے پی ٹی آئی کےو ائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی نومئی جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے شاہ محمود قریشی کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواستوں پر پر سماعت کی ۔

درخواست گزار کی جانب سے ان کے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔

دوران سماعت پراسیکیوشن نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا۔

عدالت نے شاہ محمود کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ مقدمات کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں ہے عدالت مہلت فراہم کرے۔

یہ بھی پڑھیں: یاسمین راشد و دیگر کیخلاف 9 مئی مقدمات میں پیشرفت

وکیل شاہ محمود قریشی نے مؤقف اپنایا کہ پراسیکیوشن ضمانت کی درخواستوں میں جان بوجھ کر ریکارڈ پیش نہیں کررہی، ضمانت کی درخواستیں ڈیڑھ سال سے زیر سماعت ہیں۔

بعدازاں عدالت نے پراسیکیوشن کو آئندہ سماعت پر شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کی مہلت دیتے ہوئے پی ٹی آئی وائس چیئرمین کی ضمانت کی درخواستوں پر مزید 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران جناح ہاؤس کے قریب چوک میں جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات درج ہیں۔