کورنگی میں 12 سالہ بچہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق
Korangi accident
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے کورنگی میں جمعہ کے روز ایک اور قیمتی جان واٹر ٹینکر کی زد میں آ کر ضائع ہو گئی۔

یہ واقعہ کورنگی کے 100 کوارٹرز میں بنگالی پاڑہ کے مرکزی بازار کے قریب پیش آیا جہاں فرحان نامی بچہ واٹر ٹینکر کے پچھلے ٹائروں تلے آ گیا، ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اسے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔

مقامی افراد کے مطابق فرحان مدرسے کا طالب علم تھا اور آٹھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا، وہ قریب کے میدان میں کھیلنے کے بعد کرائے کی سائیکل واپس کرنے جا رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا، اطلاعات کے مطابق ٹینکر کی رفتار زیادہ نہیں تھی۔

زمان ٹاؤن کے ایس ایچ او نفیس الرحمٰن نے بتایا کہ واقعے کے بعد کچھ رہائشیوں نے ٹینکر کو آگ لگانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور نور حسین شاہ کو گرفتار کر لیا اور گاڑی تحویل میں لے لی۔

یہ بھی پڑھیں: شدید دھند کے باعث موٹروے کے متعدد سکیشن بند

پولیس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ آیا ڈرائیور کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس موجود تھا اور کیا ٹینکر میں ٹریکر یا مطلوبہ دستاویزات تھیں یا نہیں۔

ملزم حادثے کے بعد حراست میں ہے، اس کا کہنا ہے کہ سائیکل اس کے ٹرک کے پچھلے ٹائر سے ٹکرائی اور دعویٰ کرتا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اس کی بات کی تصدیق کر سکتی ہے،اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

ڈرائیور نے تیز رفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بازارمیں بھاری ٹریفک کے باعث تیز چلنا ممکن ہی نہیں اور اکثر بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو بلاوجہ قصوروار ٹھہرا دیا جاتا ہے۔