شدید دھند کے باعث موٹروے کے متعدد سکیشن بند
motorway closure due to fog
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں شدید دھند نے نظامِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا، جس کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشن بند ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہو چکی ہے، جس کے باعث موٹر وے حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر متعدد راستے بند کر دیے ہیں۔

موٹر وے ایم ون کو پشاور سے رشکئی تک ٹریفک کیلئے بند کیا گیا، جبکہ ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار تک ٹریفک معطل ہے۔

اسی طرح ایم تھری کو شرق پور سے فیض پور، ایم فور کو شیر شاہ انٹرچینج سے شام کوٹ انٹرچینج اور ایم فائیو کو ظاہر پیر سے شیر شاہ اور روہڑی سے پنو عاقل تک بند رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

شدید دھند کے ساتھ پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی شدت بھی کم نہ ہو سکی، کچھ دیر پہلے لاہور 500 ایئر پارٹیکولیٹ میٹر (AQI) کے ساتھ پنجاب کا سب سے آلودہ شہر ریکارڈ ہوا، جو خطرناک حد کے برابر ہے۔

محکمہ ماحولیات کی ویب سائٹ کے مطابق گوجرانوالہ کا اے کیو آئی 429، رحیم یار خان کا 371 اور فیصل آباد کا 337 ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرینِ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ماسک کے استعمال اور دھند کے اوقات میں ڈرائیونگ سے پرہیز کی ہدایت کی ہے۔