سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ٹرانسپورٹرز کے نمائندگان کی ملاقات ہوئی جس میں فریقین کے درمیان معاملات طے پا گئے اور ہڑتال ختم کرنے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
کل ہفتہ کے روز سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہو گا جس میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندے بھی شریک ہو ں گے۔
صوبائی حکومت کے ساتھ معاملات طے پانے پر ٹرانسپورٹرز نے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے مرکزی صدر حاجی شیر علی چودھری اور دیگر عہدیداروں نے مصالحتی قرارداد پر دستخط کر دئیے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ٹرانسپورٹرز کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کریں گے، حکومت کا مقصد انسانی زندگی کا تحفظ اور تمام شہریوں کے لیے حالات بہتر بنانا ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی جاری ہڑتال کو آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب بھی سے حمایت حاصل ہو گئی، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن پیر سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرے گی۔
ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اسرار احمد شنواری نے کہا کہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرے، گڈز ٹرانسپورٹرز اور آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے مطالبات مشترک ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیر سے ملک بھر میں تیل کے سپلائی مطالبات کی منظوری تک بند رہے گی، ٹریفک اور سیکٹری آر ٹی کے ناجائز چالان اور ایف آئی آر کسی صورت قبول نہیں۔