نوجوانوں کو بلا سود لاکھوں روپے قرضے دینے کا اعلان
AJK interest free loans
فائل فوٹو
مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضہ اسکیم کی منظوری دے دی۔

اس اسکیم کے تحت ریاست بھر کے نوجوانوں کو 1 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک کے قرضے بغیر سود کے فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کرسکیں اور معاشی طور پر خود مختار بن سکیں۔

یہ سہولت 18 سے 40 سال تک کے مرد، خواتین اور خواجہ سرا افراد کیلئے دستیاب ہوگی، بشرطیکہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقل باشندے ہوں اور کاروبار کرنے کے خواہش مند ہوں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی منظوری کے بعد محکمہ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن نے اس اسکیم کے حوالے سے باضابطہ اشتہار جاری کر دیا۔

محکمہ کے مطابق قرضہ فارم اسمال انڈسٹریز کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے جنہیں 20 جنوری تک جمع کروایا جاسکے گا۔ ہنر مند، ٹیکنیکل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اس اسکیم میں خصوصی ترجیح دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ باصلاحیت افراد کو کاروباری مواقع فراہم کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمت کے خواہشمندوں کیلئے اہم خبر

مزید برآں قرضوں کی تقسیم آبادی کے تناسب سے کی جائے گی اور ان پر کسی قسم کا سود نہیں لیا جائے گا، سود کی رقم حکومت آزاد کشمیر خود ادا کرے گی، جبکہ قرضوں کا اجراء دی بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے تعاون سے کیا جائے گا۔

حکومتی ترجمان کے مطابق اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں میں کاروباری رجحان کو بڑھانا، بیروزگاری کم کرنا اور ریاست میں معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔