گلشن اقبال بلاک ون میں افسوس ناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک فلیٹ سے تین خواتین کی لاشیں اور ایک مرد بے ہوش حالت میں ملا ہے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچتے ہی فورس نے فوری طور پر فلیٹ کو سیل کر کے شواہد جمع کرنے شروع کر دیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی مشاہدے کے مطابق واقعہ انتہائی پراسرار ہے اور خدشہ ہے کہ متاثرہ افراد کو کسی زہریلی شے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہو تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹس کے بعد سامنے آ سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے تعلیمی اداروں کیلئے سخت سکیورٹی احکامات جاری
لاشوں کی شناخت 52 سالہ ثمینہ، 22 سالہ ماہا اور 19 سالہ ثمرین کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ ایک نوجوان مرد بے ہوشی کی حالت میں ملا ہے جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق فلیٹ سے کوئی تشدد کا نشان یا زبردستی داخلے کا ثبوت نہیں ملا جس کے بعد پولیس نے پڑوسیوں اور عمارت کے رہائشیوں سے بیانات لینا شروع کر دیے ہیں۔ لاشوں کو ضابطہ کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔