پنجاب حکومت نے سیکیورٹی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے کے تمام سرکاری و نجی سکولوں کے لیے سخت ترین حفاظتی اقدامات لازمی قرار دے دیے ہیں۔ نئے ایس او پیز کے تحت ہر تعلیمی ادارے میں آٹھ فٹ بلند دیوار، خاردار تار اور مکمل نگرانی کا نظام نصب کرنا لازم ہوگا۔
حکومتی ہدایات کے مطابق سکولوں میں تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈز کی موجودگی، جدید سی سی ٹی وی کیمرے اور دھاتی آلات کی نشاندھی کے لیے میٹل ڈیٹیکٹر کا انتظام ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔ مرکزی دروازے پر پینک بٹن نصب کرنا بھی اب ضروری ہے جبکہ روز آمد و رفت کے لیے ایک ہی گیٹ کا استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا: شناختی کارڈ پر موجود رہائشی پتے کی تبدیلی کا عمل آسان
محکمہ تعلیم نے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو 1122 اور سیول ڈیفنس کے ساتھ باقاعدہ ایمرجنسی مشقیں کی جائیں تاکہ طلبہ اور عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔ سکولوں میں واضح طور پر نشان زدہ ایمرجنسی راستے اور ضروری فون نمبرز کی فہرست ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ہر سکول کا اسپیشل برانچ سے سکیورٹی کلیئرنس کا ہونا ضروری ہے وگرنہ اس کے بغیر ادارہ فعال نہیں رہ سکے گا۔