مذاکرات کامیاب، ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان
پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے پر ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے پر ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خاں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ، جس پر ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے موٹروہیکل آرڈیننس پر عمل روک دیا گیا ہے۔

دریں اثناء منی مزدا ایسوسی ایشن نے صوبائی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو ماننے سے انکار کردیا۔

صدر منی مزدا ایسوسی ایشن حاجی شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کی گاڑیاں چل ہی نہیں سکتیں۔

دوسری جانب سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کا کوئی حکم جاری نہیں ہوا، ایسی قیاس آرائیاں محض جھوٹ ہیں ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے آج پھر پنجاب میں ٹریفک قوانین پر مؤثر اور سخت عمل درآمد کا حکم جاری کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے قوانین پر عمل نہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے، عوام اور اس کے بچوں کی جان پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ کی جانب سے دیے گئے تمام اہداف کو پورا کریں گے ، وزیراعلیٰ نے ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد کرنے کے لیے آگاہی مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال

ادھر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم تمام ٹرانسپورٹرز کو بتانا چاہتے ہیں جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوں گے ہڑتال جاری رہے گی، پاکستان کی سب سے بڑی ٹرانسپورٹ کی ہڑتال ہوئی ہے وہ کراچی سے ہوئی ہے، کراچی کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ہمارے ساتھ ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صرف بس ٹرانسپورٹرز ہڑتال کررہے ہیں، پنجاب حکومت سے ہماری صرف چار ڈیمانڈز ہیں، ہمارے ڈرائیورز کے خلاف لائسنس اور دستاویزات ہونے کے باوجود مقدمات کیے جارہے ہیں، ہمارے مطالبات جائز ہیں کوئی غیر قانونی مطالبات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی اور کل بھی ایکسپورٹ کنٹینر اور خالی کنٹینر سڑکوں پر دکھائی دے رہے ہیں، ادویات والے کنٹینرز دکھائی دے رہے ہیں، ہماری ہڑتال جاری ہے کوئی دباؤ آئے گا تو دیکھیں گے، ہم نے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پنجاب اور سندھ حکومت کو پہنچا دی ہیں ۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا کہنا تھا کہ ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن بھی ہمارے ساتھ ہے، سندھ اور پنجاب حکومت کی جانب سے ہمارے مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رہی گی۔