گٹر کے ڈھکن چرانے والوں کو سر عام گولی مارنے کا مطالبہ
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر مین ہول کا ڈھکن چوری کرنیوالوں کو گولی مارنے کا مطالبہ کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے گٹر کے ڈھکن چرانے والوں کو سر عام گولی مارنے کا مطالبہ کر دیا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر مین ہول کا ڈھکن چوری کرنے کی ویڈیو پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ایسے لوگوں کو موقع واردات پر لاکر گولی مارنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان لوگوں کی ویڈیو ہے تو ان کو موقع واردات پہ لا کر گولی ماریں کیونکہ یہ معصوم بچوں کے قاتل ہیں، اگر اس ویڈیو کے بعد بھی کوئی ایکشن نہیں ہوتا تو پھر سسٹم بھی ان بچوں کے قتل کا سہولت کار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مین ہول میں گرنیوالے بچے کی لاش 15 گھنٹے بعد مل گئی

دوسری جانب نیپا سانحے کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے زیر صدارت بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں تین سالہ ابراہیم کی گٹر میں گر کر ناگہانی موت کے بعد کھلے مین ہولز کیلئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو شہر بھر میں مین ہولز کی فوری مرمت اور حفاظت یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا، میئر کراچی نے حالیہ المناک واقعے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کو سخت احکامات جاری کر دیئے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر بھر میں مین ہولز کی نشاندہی، مرمت اور محفوظ ڈھکنوں کی تنصیب کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع کیا جائے، شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اس مہم میں شہر کے تمام ٹاؤنز اور علاقوں کو بلا استثنیٰ شامل کیا جائے۔

انہوں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو فوری طور پر 1000 مین ہولز کے ایم سی کے محکمہ سٹی وارڈن اور محکمہ انجینئرنگ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔ میئر کراچی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی کھلے مین ہول کی نشاندہی کریں اور اس کی اطلاع واٹر بورڈ ہیلپ لائن 1334 پر دیں یا ای میل complaint@kmc.gos.pk پر دیں۔