ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو ہٹانے پر غور شروع کردیا ہے جبکہ نئے ایڈووکیٹ جنرل کا انتخاب جلد ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کی تبدیلی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور صوبائی وزیر قانون کے درمیان مشاورت ہوئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اور متعدد رہنماؤں نے بھی ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو تبدیل کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا سی ڈی ایف کی تعیناتی پر ردعمل
اس حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمانخیل نے کہا ہے کہ میں نے خود وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو درخواست دی ہے کہ عہدے سے ہٹایا جائے۔
ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صحت کے مسائل کی وجہ سے کام جاری رکھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، گھر اور صحت پر توجہ دینا چاہتا ہوں، وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے کہ وہ ایڈووکیٹ جنرل کی ذمہ داری جس کو بھی دے دیں۔
دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے استعفیٰ سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔