چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سی ڈی ایف کی تعیناتی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوا چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن ہو گیا، آپ لوگوں کی ٹینشن ختم ہوئی۔
قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سب سے درخواست کروں گا بانی پی ٹی آئی سے بہنوں کی ملاقات پر سیاست نہ کی جائے، سب سے گزارش ہے جذبات میں نہ آئیں ، پچھلے 2 سال سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر متعدد بار پابندی لگائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیے ہیں، میں ان کی مذمت کرتا ہوں اور صاحب اختیار سے عرض کرتا ہوں کہ خان صاحب کی بہنوں کی ملاقات نہ روکی جائے، بانی پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں ، ان سے ملاقات میں سیاسی بات ہوگی، وہ ملک کا پوچھیں گے ہم ملک کا بتائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی لگانا اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کی خلاف ورزی ہے ،ہم اس کی مذمت کرتے ہیں ، ہم آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ، ہم اپنی قانونی جدو جہد جاری رکھیں گے، اللہ ہی ان کے آہنی ہاتھوں سے نمٹے، اگر یہ منتخب حکومت ہوتی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹنے والا بیان نہ دیتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ لوگوں کے لیے فنکشن کریں کھانا بھی کھلائیں تب بھی 10 بندے نہیں اکٹھے کر سکتے ، بانی پی ٹی آئی کے لیے لوگ 10 کلومیٹر پیدل چل کر پہنچیں گے، پُرامن طریقے سے احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، بانی پی ٹی آئی سے شیڈول کے مطابق ملاقات کے لیے ضروری جائیں گے۔