سوشل میڈیا پر متنازع بیانات کا کیس، شہزاد اکبر اشتہاری قرار
سوشل میڈیا پر متنازع بیانات کے کیس میں عدالت نے سابق وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر اشتہاری قرار دے دیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر متنازع بیانات کے کیس میں عدالت نے سابق وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ کی جانب سے رہنما تحریک انصاف شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دینے کا حکمنامہ جاری کردیا گیا۔

عدالت کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شہزاد اکبر متعدد سمن جاری کیے جانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر انہیں اشتہاری قرار دیا جاتا ہے۔

حکم نامہ میں متعلقہ حکام کو شہزاد اکبر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے تفتیش کے دوران تفتیشی اداروں سے تعاون نہیں کیا اور قانونی کارروائی کے دوران مسلسل غیر حاضر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: اعظم سواتی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع

خیال رہے کہ ملزم شہزاد اکبر کے خلاف کیس کا چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کروایا جا چکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے ملزم شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دینے کا حکم جاری کیا جا چکا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے توقع ہے کہ مقدمے میں پیش رفت کے ساتھ ساتھ سابق شہزاد اکبر کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی۔ 

واضح رہے کہ سابق وزیرِاعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی مرزا شہزاد اکبر کو عدالت کی جانب سے ایک مقدمے میں اشتہاری ملزم قرار دیا گیا ہے، مرزا شہزاد اکبر پر یہ مقدمہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر مبینہ طور پر متنازع بیانات پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے درج کیا گیا تھا۔