اعظم سواتی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع
Azam Swati Bail grandted
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق درج 6 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کر دی۔

عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کی ضمانتیں 16 جنوری تک بڑھانے کا حکم جاری کیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی جس میں مسلم لیگ (ن) کا دفتر جلانے، کلمہ چوک پر کنٹینر کو آگ لگانے اور دیگر توڑ پھوڑ کے واقعات سے متعلق کیسز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر اعظم خان سواتی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں پیش ہونے والوں میں اعظم خان سواتی، حافظ فرحت عباس، کرامت کھوکھر، حافظ ذیشان اور دیگر رہنما شامل تھے، جنہوں نے پہلے سے دائر عبوری ضمانتوں کی توسیع کی درخواست کی۔

یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گرا دی

 

 

کیس میں شامل دیگر رہنماؤں میں جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، بلال اعجاز، رائے حسن نواز، علی امتیاز وڑائچ، محمد احمد چٹھہ، محمد اشرف سوہنا اور رائے مرتضیٰ اقبال بھی شامل ہیں جنہوں نے مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں۔

جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران نے عدالت میں تفتیشی رپورٹ بھی جمع کرائی جس میں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر ملزمان کو واقعات کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملزمان پر مسلم لیگ ن کے دفتر کو آگ لگانے، کلمہ چوک پر کنٹینر کو نذر آتش کرنے اور 9 مئی کے دوران دیگر سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات ہیں۔